نئی دہلی،29/فروری(ایس او نیوز/ایجنسی)شمال مشرقی دہلی میں پھیلے فساد میں بھیڑ نے بارڈرسیکورٹی فورس (بی ایس ایف)کے جوان کا گھر تک نہیں بخشا۔ 25 فروری کی دوپہرکھجوری خاص میں بھیڑ ایک ایک گھرمیں توڑ پھوڑ اور آگ زنی کررہی تھی۔ ان سب کے درمیان ایک بی ایس ایف جوان کا گھرجلانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ کھجوری خاص واقع گھرکی نیم پلیٹ پرلکھا ہے کہ مکان نمبر 76 بی ایس ایف کے محمد انیس کا ہے۔ اس پر بی ایس ایف کا علامتی نشان بھی بنا ہوا تھا، لیکن یہ اس گھرکو تشدد سے بچانے کےلئے کافی نہیں تھا۔ پہلے گھر کے باہر آگ لگا دی۔ پھرکچھ دیرتک بھیڑنے گھر پر پتھراؤ کیا۔ مشتعل بھیڑنے محمد انیس کے گھر میں سلینڈر پھینک کر کہا-’ادھرآہ پاکستانی، تجھے شہریت دیتے ہیں۔‘
محمد انیس نے پیرا ملٹری فورس میں اپنا کیریئر سال 2013 میں شروع کیا اورتقریباً تین سال جموں وکشمیر میں خدمات دیں۔ انیس کے ساتھ ان کے 55 سالہ والد محمد مونس، 59 سالہ چچا محمد احمد اور 18 سالہ چچازاد بہن نیہا پروین گھر میں تھے۔ آگے ناگہانی حادثہ کے پیش نظر کسی طرح گھر سے باہرنکلے اور پیراملٹری فورس نے ان کی مدد کی۔ گھر میں دو شادیاں تھیں۔ نیہا پروین کی اپریل میں شادی ہونی تھی اور انیس کی آئندہ ماہ ۔ فیملی نے کہا، 'ہماری پوری زندگی کی جمع پونجی، زیورات، دو سونے کے ہار، چاندی کے زیورات سب کچھ بربادہوگئے'۔ انہوں نے کہا، 'ہم نے قسط پر زیور خریدے تھے۔ ہر ماہ پیسے دیتے تھے۔ شادی کے انتظام کےلئے تین لاکھ نقد بھی دیگر قیمتی سامان کے ساتھ جل گئے۔ کھجوری خاص ایک ہندو اکثریتی علاقہ ہے، لیکن محمد انیس کی فیملی کا کہنا ہے کہ ان کا کوئی بھی پڑوسی حملے میں شامل نہیں تھا۔ انہوں نے کہا، 'لوگ باہر سے آئے تھے۔